بیجنگ(شِنہوا)چین کے قومی ریلوے آپریٹر کے مطابق نیٹ ورک کی زیادہ فعالیت اور بہتر خدمات کے باعث چین میں ریلوے کے ذریعے مال برداری کے حجم میں 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران مستحکم ترقی ہوئی ہے۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق جنوری سے جون کے دوران ریلوے نظام نے مجموعی طور پر 1.98 ارب ٹن سامان منتقل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔
روزانہ لوڈ ہونے والی مال بردار گاڑیوں کی اوسط تعداد ایک لاکھ 82ہزار 400 رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اس نے مربوط ریلوے نیٹ ورک کا بھرپور استعمال کیا اور ریلوے کے ذریعے مال برداری کے شعبے میں مارکیٹ پر مبنی اصلاحات کو فروغ دیا تاکہ نقل وحمل کی استعداد، افادیت اور خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
جنوری تا جون کے دوران کوئلے کی ترسیل 1.02 ارب ٹن رہی جبکہ دھات سازی کے سامان اور اناج کی مال برداری میں بالترتیب 8.6 فیصد اور 9.8 فیصد اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی مال برداری نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وسطی ایشیا کے لئے مال بردار ٹرین سروس نے 7ہزار 349 ٹرینیں چلائیں ۔ یہ تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے۔ چین-لاؤس ریلوے نے 30لاکھ 30ہزار ٹن سرحدی سامان کی ترسیل کی جو 9 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
