قاہرہ(شِنہوا)مصر کی معدنی وسائل اور کان کنی کی صنعت کی اتھارٹی (ایم آر ایم آئی اے) اور چین کی ایشیا- پوٹاش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (گوانگ ژو) کمپنی لمیٹڈ نے فاسفیٹ کی تلاش اور اس شعبے کی قدر میں اضافے کو فروغ دینے کے لئے تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔
مصری وزارت پٹرولیم و معدنی وسائل کے بیان کے مطابق ایم آر ایم آئی اے اور ایشیا- پوٹاش کے درمیان یہ معاہدہ فاسفیٹ کے ذخائر کی تلاش اور تشخیص میں مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اس اہم قدرتی وسیلے کی اضافی قدر کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
دستخط کی تقریب کے بعد مصر کے وزیر پٹرولیم و معدنی وسائل کریم بدوی نے زور دیا کہ یہ مفاہمت نامہ وزارت کے وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد کان کنی کے شعبے کو ترقی دینا اور اس کا ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ ایک فیصد سے بڑھا کر 5 سے 6 فیصد تک لے جانا ہے۔
ایم او یو میں سائنسی تحقیق میں تعاون، فاسفیٹ کے ذخائر کی تلاش اور توثیق اور فاسفیٹ کھاد تیار کرنے کے لئے ایک جدید فیکٹری کے قیام کے امکانات کا جائزہ شامل ہے۔
