تہران (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعہ کو تہران میں ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور ان کے انتقال پر ایرانی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس (پی ایم او) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنازے کی تقریب میں شرکت کے دوران مرحوم آیت اللہ علی خامنہ ای کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے اس قومی سانحے پر پاکستان کی جانب سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی نمازِ جنازہ سے قبل تہران کی گرینڈ مصلیٰ منتقل کیا گیا، جہاں ہزاروں سوگوار، ایرانی حکام، غیر ملکی معزز شخصیات اور مذہبی رہنما آخری دیدار کے لیے موجود تھے۔ تقریب کی تصاویر میں دیکھا گیا کہ ایران کے قومی پرچم میں لپٹے تابوت کو گرینڈ مصلیٰ لایا گیا جبکہ اطراف میں پھولوں کی چادریں رکھی گئی تھیں اور سیاہ لباس میں ملبوس عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر احمد وحیدی نے بھی تقریب کے دوران مرحوم سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایرانی حکام کے مطابق تدفین کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی۔ جسدِ خاکی کو گرینڈ مصلیٰ میں عوامی دیدار کے لیے رکھا جائے گا، جس کے بعد اسے قم، نجف اور کربلا سمیت مختلف مقدس شہروں سے گزارا جائے گا۔ تدفین 9 جولائی کو مشہد میں امام رضاؑ کے روضے کے احاطے میں کی جائے گی، جو مرحوم رہنما کا آبائی شہر بھی ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ نمازِ جنازہ میں عوام کی بھرپور شرکت قومی اتحاد کا مظہر ہوگی اور دہشت گردی، تشدد اور دھمکیوں کے خلاف ایرانی قوم کا واضح پیغام ثابت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر جمعہ کو تہران پہنچے تھے، جہاں مہرآباد ہوائی اڈے پر ایران کے وزیر داخلہ، پاکستان کے سفیر اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تاکہ نمازِ جنازہ اور سوگ کی دیگر تقریبات میں شرکت کر سکیں۔
پاکستان نے ایک بار پھر ایرانی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے اگلے مرحلے کے لیے استنبول روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی، جس کے بعد وہ پاکستان روانہ ہوگئے۔ انہیں تہران کے ہوائی اڈے پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ ایرانی حکام نے رخصت کیا۔


