ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی اداکار ستیندر سونی نے فلم ساز پشپیندر سنگھ پر ادائیگی نہ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ اداکار نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ‘پیڑ پالکی’ کی شوٹنگ کے دوران انہیں اور دیگر فنکاروں کو مدھیہ پردیش کے شہر مئیہر میں معاوضہ طلب کرنے پر شوٹنگ سے نکال دیا گیا۔
ستیندر سونی کا کہنا ہے کہ انہیں بطور ایڈوانس 50 ہزار روپے دیے گئے تھے جبکہ باقی رقم شوٹنگ کے دوران ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ آٹھ روز گزرنے کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر جب انہوں نے معاوضہ طلب کیا تو انہیں فوری طور پر ہوٹل خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہدایت کار پشپیندر سنگھ نے انہیں دس منٹ کے اندر ہوٹل چھوڑنے اور دوبارہ نظر آنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی جبکہ فلم کی مرکزی اداکارہ اور پروڈیوسر کی اہلیہ پراگتی چوہان نے بھی بدزبانی کی۔
ستیندر سونی نے ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ مئیہر پولیس، اداکار آشوتوش رانا اور دیگر افراد کے تعاون سے وہ اور ان کے ساتھی بحفاظت ممبئی واپس پہنچ گئے ہیں۔


