لاہور: وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف مضبوط حکمت عملی کیلئے پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں انجینئرز پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجنیئرز کے وفد سے ملاقات میں انجینئرز کے لیے لاہور میں قائم انجینئرز لانج کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیڈریشن آف انجینیرنگ انسٹیٹیوشن آف پاکستان بھی تشکیل دی جائے گی، جب کہ تمام صوبوں کی مشاورت سے بھارتی آبی جارحیت سے نمٹنے کے لیے قومی پالیسی مرتب کریں گے، چاروں صوبوں کے انجینئرز پر مشتمل کمیٹی تکینیکی مسائل کو حل کرنے کے لیے تجاویز دے گی، اور صوبوں کے درمیان ہونے والے تکنیکی مسائل کو سیاسی بنیادوں پر نہیں تکنیکی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کمیٹی میں انسٹیٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان(آئی ای پی)، پاکستان انجینئرنگ کانگرس، پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی ) اور دی انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان (آئی ای ای ای پی) اور دیگر نمائندے شامل ہوں گے۔