کوالالمپور(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ نئے دور میں اکٹھے چلنے کا درست راستہ تلاش کرنے کے لئے چین اور امریکہ کو مل کرکام کرنا چاہیے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی دفتر کے رکن وانگ یی نے توقع ظاہر کی کہ امریکہ چین کو ایک معروضی،عقلی اور عملی نکتہ نظر سے دیکھے گا۔
وانگ یی نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ملائیشیا کے دارالحکومت میں آسیان وزرائے خارجہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں کہی۔
انہوں نے چین۔ امریکہ تعلقات کے فروغ کے لئے چین کے اصولی موقف کو جامع طور پر پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ چین اور امریکہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو ٹھوس پالیسیوں اور عملی اقدامات میں ڈھال لیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی چین کے متعلق پالیسی پر امن بقائے باہمی اور فائدہ مند تعاون کے مقصد پر مبنی ہونی چاہیے۔ امریکہ کو چین کے ساتھ مساویانہ، احترام اور باہمی فائدے پر مبنی سلوک کرنا چاہیے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے چین ۔امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
