شنگھائی (شِنہوا) ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی تعطیلات اور موسم گرما کی سیاحتی سرگرمیوں کے آغاز کے قریب آتے ہی شنگھائی کے تھیم پارکس میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس رجحان کی بڑی وجوہات میں طلبہ، خاندانی تفریحی دورے اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شامل ہیں۔
کالج میں داخلے کا قومی امتحان مکمل کرنے کے بعد ہائی سکول کے بہت سے فارغ التحصیل طلبہ تفریحی سرگرمیوں کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں جس سے موسم گرما کی سیاحت میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ یہ نوجوان بڑی تعداد میں تھیم پارکس اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔
سفری پلیٹ فارم فلیگی کے اعداد و شمار کے مطابق ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی تعطیلات کے دوران کھانے، تفریحی شوز اور تفریحی سرگرمیوں پر مشتمل پیکجز کی بکنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اپنی دسویں سالگرہ کے موقع پر شنگھائی ڈزنی لینڈ نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لئے نئی سرگرمیاں اور میل ملاپ کے تجربات متعارف کرائے ہیں جن میں قلعے کے سامنے بڑے پیمانے کا سٹیج شو اور مزید بہتر پریڈ شامل ہیں۔
چین میں ویزا فری پالیسیوں کے دائرہ کار میں توسیع کے باعث بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں شنگھائی ڈزنی لینڈ میں جاپان، جمہوریہ کوریا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک سے آنے والے سیاحوں کی موجودگی نمایاں طور پر بڑھی ہے۔
گرمیوں کے موسم میں مزید سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے لیگولینڈ شنگھائی ریزارٹ نے 15 جون سے 31 اگست تک جاری رہنے والا سمر فیسٹیول شروع کیا ہے۔ اس موقع پر 4 ہزار مربع میٹر پر مشتمل نئی سرگرمیوں کے زون قائم کئے گئے ہیں جن میں فیفا ورلڈ کپ اور فارمولا ون ریسنگ جیسے موضوعات شامل ہیں۔


