شنگھائی (شِنہوا) 2 لاکھ 71 ہزار مکعب میٹر کی گنجائش رکھنے والے ایک انتہائی بڑے مائع قدرتی گیس بردار بحری جہاز کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے جو اعلیٰ معیار کی جہاز سازی اور عالمی توانائی کی ترسیل میں چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔
چائنہ اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن (سی ایس ایس سی)کے ماتحت ادارے ہوڈونگ-ژونگ ہوا شپ بلڈنگ (گروپ) کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے تیار کئے جانے والے اس کیو سی-میکس کلاس بحری جہاز کی حوالگی 2028 میں متوقع ہے۔
344 میٹر طویل میگا- جہاز گیس کو محفوظ رکھنے والے ایک بہتر نظام سے لیس ہے جسے کارگو کی گنجائش کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے، حفاظت کو یقینی بنانے اور ماحولیاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
شپ یارڈ کے ایک نمائندے کے مطابق اس وقت مارکیٹ پر چھائے ہوئے روایتی ایک لاکھ 74ہزار مکعب میٹر والے ایل این جی جہازوں کے مقابلے میں یہ نیا بحری جہاز کارگو کی گنجائش میں 57 فیصد اضافہ فراہم کرتا ہے۔ جبکہ یہ نقل و حمل کے دوران گیس کے ضیاع کو نمایاں طور پر کم کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر گیس کے بخارات بننے کی شرح کو محض 0.087 فیصد پر برقرار رکھتا ہے۔ انتہائی کارآمد دوہرے ایندھن والے پروپلشن سسٹم سے چلنے والا یہ جہاز انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے ٹیئر تھری اخراج کے معیارات پر پورا اترتا ہے اور دنیا بھر کے بیشتر بڑے ایل این جی ٹرمینلز پر لنگر انداز ہو سکتا ہے۔
قطر کے ایک بڑے پیمانے کے ایل این جی پروجیکٹ کے لئے تیار کیا جانے والا یہ بحری جہاز صف اول کے ایک جہاز ساز کے طور پر ہوڈونگ-ژونگ ہوا کے کردار کو نمایاں کرتا ہے۔ کمپنی نے اس پروگرام کے تحت 36 بحری جہازوں کے آرڈرز حاصل کئے ہیں جن میں 24 انتہائی بڑے 2 لاکھ 71 ہزار مکعب میٹر والے ماڈل شامل ہیں۔


