بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ چین اور عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) نے متعدد نئے اہم امور پر اتفاق رائے کیا ہے۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ لیو ہائی شنگ نے کہا کہ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چینی صدر شی جن پھنگ کے عوامی جمہوریہ کوریا کے دورے میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور اپنے سوشلسٹ مقاصد کے روشن مستقبل کے حوالے سے اپنے وژن کا اشتراک کیا۔
لیو نے بتایا کہ ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری اور عوامی جمہوریہ کوریا کے ریاستی امور کے صدر کم جونگ اُن نے صدر شی کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا، کم ال سونگ سکوائر پر شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کی اور پورے دورے میں ان کے ساتھ رہے۔
لیو نے کہا کہ یہ دورہ مکمل طور پر کامیاب رہا جس کے اہم نتائج 3 پہلوؤں میں سامنے آئے۔
پہلا یہ کہ دونوں پارٹیوں اور ممالک کی اعلیٰ قیادت نے رہنمائی فراہم کی اور چین-ڈی پی آر کے تعلقات کو وقت کے ساتھ آگے بڑھانے کا راستہ متعین کیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چاہے عالمی صورتحال میں کوئی بھی تبدیلی آئے، چینی پارٹی اور حکومت کا چین اور ڈی پی آر کے کی روایتی دوستی کو انتہائی اہمیت دینے کا موقف نہیں بدلے گا۔ عوامی جمہوریہ کوریا کے سوشلسٹ مقصد کی حمایت اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور سازگار تزویراتی ماحول کے تحفظ کا عزم بھی نہیں بدلے گا۔
دوسرا یہ کہ اس دورے نے مختلف شعبوں میں عملی تعاون اور دوستانہ تبادلوں کو فروغ دیا تاکہ دونوں ممالک کے سوشلسٹ مقاصد کو نئی رفتار دی جا سکے۔
تیسرا یہ کہ اس دورے نے علاقائی اور عالمی امن و ترقی کے لئے مثبت توانائی فراہم کی۔
شی جن پھنگ نے دورے کے موقع پر کہا کہ چین اور عوامی جمہوریہ کوریا کو سٹریٹجک رابطہ اور ہم آہنگی مضبوط کرنی چاہیے، اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا بھرپور تحفظ کرنا چاہیے، علاقائی امن و ترقی کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنا چاہیے اور دونوں ممالک کے سوشلسٹ مقاصد کے لئے بہتر بیرونی ماحول پیدا کرنا چاہیے۔


