ایتھنز (شِنہوا) ایتھنز میں کلاسیکی علوم کی دوسری عالمی کانفرنس میں 200 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔ کانفرنس میں ہونے والی بات چیت کا محور کلاسیکی تہذیبوں سے متعلق امور اور عالمی سطح پر کلاسیکی علوم کے شعبے میں تعلیمی و تحقیقی تبادلوں اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
"قدیم اور جدید کے درمیان مکالمہ: کلاسیکی دانش سے عصر حاضر کے لئے رہنمائی” کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس 2 روزہ کانفرنس نے چین اور یونان کے متعلقہ اداروں کے حکام، دنیا بھر سے کلاسیکی علوم اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین و محققین، نیز یونان میں تعینات سفارت کاروں اور میڈیا نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ "ایتھنز میں چینی سکول آف کلاسیکل سٹڈیز” سمیت دیگر تعلیمی اداروں نے کلاسیکی علوم کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اپنی اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کیا ہے جس سے تہذیبوں کے درمیان باہم سیکھنے کے عمل اور ثقافتی تبادلوں میں مدد ملی ہے۔
کئی شرکاء کا کہنا تھا کہ کلاسیکی تہذیبیں اپنے گہرے انسانی ورثے اور لازوال حکمت کے ساتھ انسانی معاشرے کی ترقی کے لئے طویل عرصے سے فکری ترغیب اور روحانی غذا فراہم کرتی آ رہی ہیں جبکہ یہ قومی خوشحالی اور ترقی کے لئے ایک اہم محرک کا کام بھی کرتی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کلاسیکی علوم کو مضبوط بنانا اور وقت و مکان کی حدود سے بالاتر ہو کر تہذیبوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینا، ثقافتی تنوع کو برقرار رکھنے اور تہذیبوں کے درمیان تبادلوں اور باہمی سیکھنے کے عمل کو آگے بڑھانے کی بنیادی ضرورت ہے۔ یہ وقت کے ساتھ ساتھ تہذیب کی تجدید اور اسے آگے بڑھانے کا ایک ناگزیر راستہ بھی ہے۔


