اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایران امریکا کشیدگی ختم ہوجائے تو بھی اس کے معیشت پر اثرات اگلے سال تک رہیں گے۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں معاشی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل اقتصادی سروے پیش کیا جائے گا جس میں اہم حقائق سامنے آئیں گے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال نے دنیا کو متاثر کیا ہے اور دعا گو ہیں کہ پاکستان کی قیادت اس مسئلے کے حل میں کامیاب ہو۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی جس پر تنقید بھی ہوئی، سبسڈی کو مخصوص لوگوں تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے بھی خطے کی صورتحال میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ای اے سی میں شرکت کی۔ انہوں نے ایف بی آر کے محصولات کے حوالے سے کہا کہ ٹیکس میں اضافہ بہتری کی علامت ہے۔


