لاہور: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دشمن 9اور 10مئی کو سکھایا گیا سبق ہمیشہ یاد رکھے گا،ایران کو اندازہ ہوگیا اس کا سچا دوست پاکستان ہی ہے۔ لاہور داتا دربار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے خلاف سرخرو ہوا، دنیا نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 اور10 مئی کو دشمن کو سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف کامیابی پر ہم اللہ کے حضور سر بسجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو بھی اندازہ ہو گیا کہ اس کا سچا دوست پاکستان ہی ہے، ایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان تشکر کے نعرے لگے، شہدا کے جنازوں میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔انہوں نے غزہ میں اسرائیلی مظالم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔