واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کی تو اسے اکیلے ہی اس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی آن لائن میڈیا ایکسیوس کو ٹیلی فون پر دیئے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اتوار کے روز ہونے والے حملوں کے بارے میں اسرائیل نے "بہت دیر سے اطلاع دی”۔
ٹرمپ نے کہا کہ حملہ پہلے ہی ہوچکا تھا لیکن آخرکار میں نے اسرائیلی حملے کو محدود کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ نے اتوار کی شام نیتن یاہو کو فون کیا اور ان سے جوابی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی۔
فون کال سے آگاہ ایک اسرائیلی ذریعے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کہا کہ وہ چند دنوں میں ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ کر لیں گے جس کے بعد حملوں کی ضرورت نہیں رہے گی یا پھر معاہدہ نہ ہوا تو ممکن ہے کہ وہ خود ایران کے خلاف حملوں کی قیادت کریں۔
بعد ازاں پیر کو نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس کو بتایا کہ اسرائیل جب بھی ضرورت محسوس کرے گا، حملہ کرے گا۔
دوسری جانب ایران اور اسرائیل نے پیر کے روز ایک دوسرے پر حملے روکنے کے اشارے دیئے، جس کے بعد اتوار کی رات ایک دوسرے کے خلاف شروع ہونے والی کارروائیوں کا سلسلہ تھمتا دکھائی دیا۔ یہ اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں سب سے سنگین اضافہ تھا۔


