راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہدایت پر 10 ویں محرم کے بعد تحریک کا آغاز کریں گے، بانی جیسی قید ملکی تاریخ میں کسی نے نہیں کاٹی، سہولیات سے محروم کر دیا گیا ہے۔اے ٹی سی راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 22گھنٹے ایک ہی سیل میں رہتے ہیں، ان کیلئے تمام قیدی والی سہولیات ختم ،کتابیں بند کر دی گئی ہیں، بچوں سے ملاقات نہیں کرا رہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی کی قید عام قیدی سے بھی سخت بنا دی گئی ہے، عمران خان وہ قید کاٹ رہے ہیں جو پاکستان میں آج تک کسی نے نہیں کاٹی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 26ایم پی ایز کو ڈی سیٹ کر کے وہ سیٹیں نوازشریف کو دی جا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے تحریک کے آغاز کیلئے اہم ہدایات دی ہیں، پلان کے مطابق 10محرم کے بعد تحریک کا آغاز کریں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کی ضرورت ہی کیا ہے، ویسے ہی قوم کو آگاہ کرد یا جائے۔