اسپین کی زیتون کے تیل کی صنعت چین میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینے کے لئے کوششیں تیز کر رہی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پیداوار کنندگان اور صنعتی تنظیمیں زیتون کے تیل کے حوالے سے چین کو طویل مدتی ترقی کے سب سے امید افزا بازاروں میں سے ایک کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔
اسپین کی زیتون کے تیل کی صنعت کی نمائندہ برانڈ ”اولیو آئلز فرام اسپین“ نے حال ہی میں چین میں ایک دو سالہ تشہیری مہم شروع کی ہے تاکہ ایکسٹرا ورجن زیتون کے تیل کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھائی جائے اور چینی صارفین میں اس کے وسیع تر استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
اس مہم میں زیادہ تر توجہ چین کے آٹھ بڑے شہروں بیجنگ، شنگھائی، شین زین، گوانگ ژو، چھونگ چھنگ، چھنگ دو، ہانگ ژو اور تیانجن پر مرکوز ہے۔ ان شہروں کی 200 سے زائد سپر مارکیٹوں اور 130 ریستورانوں میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آن لائن تشہیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس کے علاوہ ”اولیو آئلز فرام اسپین“ نے 18 سے 20 مئی تک منعقد ہونے والی سیال شنگھائی نمائش میں بھی شرکت کی جو چین کی منڈی میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کی اس کی کوششوں کا ایک حصہ تھی۔ یہ ایشیا کی خوراک اور مشروبات کی سب سے بڑی نمائشوں میں شمار ہوتی ہے۔
ساؤنڈ بائٹ (ہسپانوی): تیریسا پیریز، منیجر، اسپینش اولیو آئل انٹر پروفیشنل آرگنائزیشن
”چین اُن منڈیوں میں شامل ہے جہاں ترقی کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔ یہ ایک تیزی سے فروغ پاتی ہوئی منڈی ہے جہاں صارفین صحت کے بارے میں پہلے سے زیادہ آگاہ اور فکر مند ہیں۔ اس لئے زیتون کے تیل کی منڈی کو ترقی دینے اور زیتون کے تیل کو صارفین تک مزید مؤثر انداز میں پہنچانے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔“
تنظیم کے مطابق چین اس وقت اسپین کے زیتون کے تیل کی برآمدات کے لئے دنیا کی چھٹی بڑی منڈی اور یورپ سے باہر دوسری سب سے بڑی منڈی ہے۔ یہ منڈی جاپان اور آسٹریلیا جیسے روایتی درآمد کنندگان کو بھی پیچھے چھوڑ چکی ہے۔
عالمی سطح پر زیتون کے تیل کی بلند قیمتوں اور خشک سالی کے باعث پیداوار میں کمی واقع ہوئی۔ اس کے نتیجے میں اسپین کی زیتون کے تیل کی صنعت کو حالیہ برسوں میں سست روی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اب چین کے نزدیک اسپین کے زیتون کے تیل کی برآمدات کی بحالی کے آثار نمایاں ہیں۔
مارچ اور اپریل میں چین کو برآمدات میں 14 ہزار ٹن کا سالانہ اضافہ ہوا۔ اس اضافے نے فروخت کو بحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ یہ رجحان سال 2022 میں حاصل ہونے والے 46 ہزار ٹن کے ریکارڈ سطح کی طرف واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔
صنعتی اعداد و شمار کے مطابق اسپین اس وقت زیتون کے تیل کی سب سے بڑی پیداوار دینے والا ملک ہے۔ حالیہ برسوں میں زیتون کے تیل کی عالمی پیداوار میں اسپین کا حصہ تقریباً 40 فیصد ہے۔
میڈرڈ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


