چین،31 ہزار سے زائد چینی عہدیداروں کو کفایت شعاری قوانین کی خلاف ورزی پر سزا

بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ انسداد بدعنوانی کے ادارے کے مطابق ستمبر میں 31 ہزار 600 سےزائد چینی عہدیداروں کو جماعت اور حکومتی طرز عمل کو بہتر بنانے کے ضابطے کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے مرکزی کمیشن برائے نظم و ضبط معائنہ اور قومی نگران کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق یہ عہدیدار 22 ہزار 313کیسز میں ملوث تھے۔ان میں سے22 ہزار 475 کو جماعت کے نظم و ضبط یا انتظامی جرمانوں کے تحت سزائیں دی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان عہدیداروں میں ایک صوبائی رہنما سے لے کر ٹاؤن شپ سطح اور اس سے نیچے کے بنیادی سطح تک کاعملہ شامل ہے۔ انہیں افسر شاہی، رسمی کارروائیوں، غیر اخلاقی سرگرمیوں، یا فضول خرچی جیسے رویوں کی بنیاد پر سزا دی گئی۔

سی پی سی نے 2012 کے آخر میں کفایت شعاری سے متعلق 8نکاتی قواعد جاری کئے تھے تاکہ ناپسندیدہ کام کی عادات کو ختم کیا جا سکے۔

Author

  • شِنہوا دنیا کی صف اول کی نیوز ایجنسیوں میں سے ایک ہے۔

    View all posts