وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشریف کو مدبرانہ حکمت عملی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند، بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم ہے جسے مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ ہی کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جا سکتا ہے، دشمن کا ناقبل شکست ہونے کا زعم خاک میں مل چکا، ہم اپنی سرحدوں کے دفاع و تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، خوارج کا خاتمہ، دہشت گردی ناسور کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق اللہ تعالی کے بے شمار انعامات و احسانات پر اس کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، آج ہم اس عزم، جرات اور استقامت کو یاد کر رہے ہیں جس کا مظاہرہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا، ان کے اہل خانہ اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر اپنے وطن کے دفاع کیلئے ڈٹ گئے، بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر ہماری افواج کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔
انہوں نے کہاکہ معرکہ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کیساتھ بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم ہے، جسے نہ تو مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ معرکہ حق تاریخ میں ایک ایسے عظیم کارنامے کے طور پر ثبت ہو چکا ہے جس میں دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی، دشمن کو حقیقت کا ایسا سبق دیا گیا جس نے اس کے ناقابل شکست ہونے کے زعم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی جراتمندانہ اور دلیرانہ قیادت، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کو ان کی مدبرانہ حکمت عملی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم اپنی بہادر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے تناظر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ایک جانب اپنے امن کے عزم کو واضح کیا، تو دوسری جانب دفاعی توازن کو بحال کرتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا۔
انہوں نے کہاکہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کو کمزور کرنے یا اس کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، موثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا، ہم اپنی سرحدوں کے دفاع اور تحفظ کے لیے پرعزم اور مکمل طور پر چوکس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بھی ثابت قدمی سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا تذکرہ کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، جو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار تزویراتی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی اور حقِ خودارادیت کی ہمیشہ بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کو ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے ضامن کے طور پر بھی ابھرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں ایک اہم ثالث کے طور پر پاکستان کے کردار اور قیامِ امن کیلئے ہماری مسلسل کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، پاکستان تنازع کے پرامن حل کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج معرکہ حق کا ایک سال پورا ہونے پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ملک کو بلندیوں تک پہنچانے کیلئے محنت جاری رکھیں گے۔


