بیجنگ (شِنہوا) چین کے انسان بردار خلائی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ2 پاکستانی امیدواروں کو چین کے خلائی مشن کی تربیت کے لئے پہلے غیر ملکی خلا بازوں کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے جسے چینی خلائی سٹیشن پر بین الاقوامی تعاون میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق محمد ذیشان علی اور خرم داؤد جلد چین پہنچیں گے جہاں وہ بطور ریزرو خلا باز تربیت حاصل کریں گے۔ تربیت اور جانچ کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد ان میں سے ایک کو خلائی مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل کیا جائے گا جس کے ساتھ وہ تیان گونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے۔
ادارے کے مطابق چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے لئے غیر ملکی خلا بازوں کا پہلا انتخابی عمل اپریل کے آغاز میں مکمل کیا گیا تھا۔


