وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی بقاء کا دارومدار زمین کے قدرتی وسائل پر ہے، ماحول کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی و عالمی سطح پر موثر تعاون انتہائی ضروری ہے۔
یومِ ارض پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن زمین کی ناگزیر اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور اس کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کے قدرتی وسائل، انسانی زندگی کی موجودگی اور نشو ونما کی ضمانت ہیں، زمین نباتات و حیوانات ہر طرح کی زیست کو پروان چڑھاتی ہے، آج کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف ماحولیاتی چیلنجز درپیش ہیں جو اس کے قیمتی قدرتی وسائل، موسمی تغیر اور معیار زندگی پر اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے متاثرین میں نمایاں ہے یہ صورتحال زمین کے قدرتی خدوحال کے تحفظ کے عزم کو اور بھی پختہ کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موسمی شدت و غیر معمولی تغیرات زمین کی ماحولیاتی تبدیلی کے عکاس ہیں، حکومت پاکستان زمین کے قدرتی وسائل، نباتات اور ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کیلئے دیگر اقدامات سمیت قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔


