وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈاکٹروں کی بھرتی کی نگرانی خود کر رہا ہوں، میرٹ، شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، امید ہے نئے تعینات جیل وارڈنز فرائض احسن طریقے سے انجام دیں گے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، نئے تعینات ہونے والے وارڈنز میں سے کسی کو نہیں جانتا، یقین ہے کسی نے تقرری کیلئے سفارش نہیں کروائی، کسی کو اپنی تقرری سے متعلق شکایت ہے تو وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو تمام سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے، ورچوئل کورٹس اور ویب میٹنگز جیسے اقدامات سے سیکیورٹی بہتر اور وسائل کی بچت ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کیلئے 2400 ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل جاری ہے، جس کی نگرانی خود کر رہا ہوں، میرٹ اور شفافیت پر ہر گز سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج 2ٹرانسجینڈر افراد کی تقرری صنفی شمولیت کا عملی ثبوت ہے، اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نئے تعینات جیل وارڈنز اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں گے۔


