گوانگ ژو (شِنہوا) چین کا پہلا 500 کلو وولٹ کا سرحد پار متبادل کرنٹ (اے سی) بجلی کا رابطہ منصوبہ فعال ہو گیا۔ جس سے چین اور لاؤس کے درمیان بجلی کے تبادلے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
چائنہ سدرن پاور گرڈ کمپنی لمیٹڈ کمپنی نے کہا ہے کہ چین-لاؤس 500 کے وی انٹرکنکشن منصوبے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان بجلی کی دو طرفہ ترسیل کی صلاحیت 50 ہزار کلو واٹ سے بڑھ کر 15 لاکھ کلو واٹ ہو گئی ہے جس کے ذریعے سالانہ تقریباً 3 ارب کلو واٹ آور صاف توانائی منتقل کی جا سکے گی۔ یہ سابقہ لائنوں کے مقابلے میں تقریباً 30 گنا زیادہ ہے۔
یہ منصوبہ، جو چین اور لاؤس کے درمیان سب سے بڑا سرحد پار گرڈ منصوبہ اور سب سے زیادہ وولٹیج کا بجلی رابطہ ہے، چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کو لاؤس کے شمالی صوبوں اوڈومسے اور لوانگ نامتھا سے جوڑتا ہے۔
منصوبے کے فعال ہوتے ہی سرحد پار بجلی کی تجارت کا آغاز بھی ہو گیا۔ شمالی لاؤس میں قائم صاف توانائی کے مراکز سے تقریباً 48 لاکھ 10 ہزار کلو واٹ آور بجلی نئی لائن کے ذریعے یون نان منتقل کی گئی جو دونوں ممالک کے درمیان بجلی کی فراہمی کے زیادہ باقاعدہ اور ادارہ جاتی مرحلے میں داخلے کی نشاندہی کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کسی غیر ملکی نئی توانائی منصوبے نے چین کی بجلی مارکیٹ میں حصہ لیا ہو۔ اس لین دین میں شامل بجلی لاؤس کے ایک بڑے پہاڑی شمسی توانائی منصوبے سے حاصل کی گئی جو اس انٹرکنکشن لائن کے لیے بنیادی توانائی ذرائع میں سے ایک ہے۔
یہ شمسی منصوبہ سالانہ اوسطاً تقریباً 1.65 ارب کلو واٹ آور بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ توقع ہے کہ 2026 میں یہ تقریباً 1.1 ارب کلو واٹ آور شمسی توانائی سرحد پار منتقل کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے تبادلے کو فروغ ملے گا۔


