بیجنگ (شِنہوا) چین 2026 میں متعدد اہم خلائی مشنز انجام دے گا، جن میں تیان وین-2 کا اپنے مطلوبہ سیارچے کے قریب جا کر اس کا مشاہدہ کرنا بھی شامل ہے۔
چین کی قومی خلائی انتظامیہ (سی این ایس اے) کے سسٹم انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیو یون فینگ نے چین کے خلائی دن کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک شین ژو-23 سمیت انسان بردار مشن بھی انجام دے گا، دوبارہ استعمال کے قابل متعدد راکٹوں کے فلائٹ ویری فکیشن ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے اور کمرشل سپیس سیکٹر کی معیاری ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔
گزشتہ سال کا ذکر کرتے ہوئے لیو نے بتایا کہ 2025 میں چین نے 92 خلائی لانچ مشنز انجام دیئے جو 2024 کے مقابلے میں 35 فیصد اضافہ ہے۔
لیو یون فینگ نے چین کے 11ویں خلائی دن کے لئے طے شدہ تقریبات کا بھی ذکر کیا جو 24 اپریل کے آس پاس جنوب مغربی صوبے سیچھووان کے دارالحکومت چھنگ دو میں منعقد ہوں گی۔ ان تقریبات میں افتتاحی تقریب، خلائی سائنس نمائشیں اور ثقافتی فورمز شامل ہوں گے۔
24 اپریل 1970 کو چین کے پہلے مصنوعی سیارے “ڈونگ فانگ ہونگ-1” کے خلا میں بھیجے جانے کی یاد کے طور پر 2016 سے 24 اپریل چین کے خلائی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔


