ہومپاکستانمعاشی بچت اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

معاشی بچت اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی بچت، جنگ بندی کی کوششیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، خطے میں جنگ کا دوسرا مہینہ شروع ہو گیا ہے، شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، شعلے ٹھنڈے کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، وفاق اور صوبے جو ترقیاتی منصوبے روک سکتے ہیں روک دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ رکوانے کیلئے کوشش کر رہا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، آبنائے ہرمز سے دو تیل بردار جہازوں کی آمد میں نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشیں شامل ہیں، دوسرے ممالک کی طرح پاکستان بھی حالیہ جنگ سے متاثر ہو رہا ہے، جنگ کے آغاز سے قبل ہماری ٹیم نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات اور مشاورت کی، 60 فیصد گاڑیوں کو روک دیا گیا، جنگ کی وجہ سے بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خطے میں ضرور امن قائم ہوگا، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئیگا، پاکستانی پرچم برادر 20بحری جہازوں کو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے کا انتظام کیا ہے، اجتماعی اور بھر پور کاوشوں سے چیلنجز کو جانچا گیا اور بروقت اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری مہم میں صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، وزرائے اعلیٰ اور پارلیمنٹرینز کے کردار کو سراہتے ہیں، کابینہ ارکان نے دو ماہ کی تنخواہیں رضا کارانہ طور پر سرنڈر کیں، پارلیمنٹرینز نے تیل کی بچت کو یقینی بنایا، گزشتہ تین ہفتے میں وفاق نے پی ایس ڈی پی میں سو ارب روپے کا کٹ لگایا ہے، جنگی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے وزرائے اعلیٰ نے تعاون کی یقین دہانی کرائی، مشکل صورتحال میں غریب کو تحفظ دینا اور اشرافیہ کو قربانی کا مظاہرہ کرنا ہے، فنڈز بچا کر غریب لوگوں کو تحفظ دینے پر خرچ کئے جائیں، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام یقینی ہوگا، ہماری توجہ کمزور اور مفلوک الحال طبقات کو تحفظ دیے پر مرکوز ہے، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس کے دوران خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں توانائی کے ممکنہ بحران پر غور کیا گیا، حکومت کے کفایت شعاری اقدامات اور توانائی کی بچت سے متعلق مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئے، وفاقی حکومت نے صوبوں سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں حصہ ڈالنے کا مطالبہ کیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل بوجھ صارفین پر منتقل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ چین پر بریفنگ دی، ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے متعلق آگاہ کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں