خیبر پختونخوا کے 8 تعلیمی بورڈز میں 9ویں اور 10ویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے۔
حکام کے مطابق صوبے بھر سے 9لاکھ 17ہزار 532طلبہ و طالبات امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں، پشاور تعلیمی بورڈ میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 93ہزار 29طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔
امتحانات کے سلسلے میں صوبے بھر میں 3336 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں 23ہزار 708کی تعداد میں عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں امتحانی مراکز کی سیکیورٹی کیلئے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، نقل کی روک تھام کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران پر مشتمل چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو امتحانی عمل کی نگرانی کررہی ہیں۔


