اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایک ٹیلی وژن پیغام میں کہا کہ شرکاء اس بات پر متفق تھے کہ مکالمہ اور سفارتکاری ہی پائیدار امن کے حصول کا واحد قابل عمل راستہ ہے اور مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی کشیدگی کو روکنے کی ضرورت ہے۔
ڈار نے بتایا کہ انہوں نے مہمان وزرائے خارجہ کو امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے امکانات پر بریفنگ دی اور یہ بھی بتایا کہ دونوں فریقین نے بطور سہولت کار پاکستان کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ڈار نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چاروں ممالک کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے اور اجلاس میں شریک ممالک کے درمیان گہرے تعاون کے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔
ڈار نے کہا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، کشیدگی میں کمی لانے اور جاری تنازعات کے خاتمے کی کوششوں پر بھی توجہ دی گئی اور اس اقدام کو تمام شریک ممالک کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔
وزرائے خارجہ نے جاری تنازعات کے انسانی اور معاشی اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخاصمت کا تسلسل مزید تباہی اور عدم استحکام کا باعث بنے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مہمان وزرائے خارجہ نے متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے کی کوششوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔


