6سال بعد لندن کیلئے قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کا براہ راست فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا ہے جس کے بعد اسلام آباد سے لندن کی پہلی پرواز 29 مارچ کو روانہ ہوگئی۔
سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پی آئی اے کی لندن کیلئے پروازوں کی بحالی کا افتتاح کر دیا، اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ لندن کیلئے پی آئی اے پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے، جلد کراچی سے بھی پروازوں کا آغاز ہونا چاہئے، کئی لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پروازوں کی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کیلئے ایک اہم دن ہے، پی آئی اے اور لندن کا کئی دہائیوں کا ساتھ ہے، بد قسمتی سے گزشتہ 6 سال سے یہ تعلق معطل تھا، ہمیں خوشی ہے کہ یہ تعلق آج دوبارہ بحال ہو رہا ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہیں، اس اقدام سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہونگے، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
سیکرٹری دفاع کا کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کی خصوصی دلچسپی قابل تحسین ہے، جین میریٹ کی کاوشوں سے ہی پی آئی اے کی لندن کیلئے پروازیں بحال ہوئی ہیں۔


