وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کیلئے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ صورتحال میں جس قدر ممکن ہو سکا عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپیہ کی خطیر رقم، مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کرانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں، اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائیگا اور مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دیئے جانیوالے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریوں کیساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی۔


