پی ایس ایل فرنچائز مالکان نے وزیراعظم سے سٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کو داخلے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کی موجودگی پی ایس ایل کی اصل روح ہے، یہ صرف ٹورنامنٹ نہیں قومی اتحاد، عوامی جذبات کی علامت، تکمیل شائقین کی موجودگی سے ہی ممکن ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کو عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ، شائقین کا جوش و خروش لیگ کی حقیقی شناخت ہے۔
لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا جشن ہے لیکن شائقین کے بغیر یہ ادھورا محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سے درخواست کی کہ فینز کی سٹیڈیمز میں واپسی کی اجازت دی جائے۔
ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے کہا کہ تمام فرنچائزز شائقین کی واپسی چاہتی ہیں کیونکہ کرکٹ کا اصل حسن عوام کی شرکت سے ہے۔
راولپنڈی ٹیم کے مالک احسن طاہر نے کہا ہے کہ فینز کے بغیر کرکٹ ممکن نہیں، یہ کھیل پاکستانی عوام کی میراث ہے جو ان کے جذبے سے زندہ رہتا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ گرائونڈ میں فینز کی توانائی ہی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے، ان کے بغیر لیگ نامکمل محسوس ہوتی ہے۔
حیدرآباد کنگزمین کے مالک فواد سرور نے کہا کہ پہلے میچ میں شائقین کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، سٹیڈیمز میں دوبارہ ہر بائونڈری اور وکٹ پر تماشائیوں کا شور سنائیدینا چاہئے، کراچی کنگز کے مالک نے بھی خالی سٹیڈیمز دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ہے۔


