وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی مقامی صنعت کے فروغ سے متعلق پالیسی کواہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دئیے گئے ہیں جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ کنڈکٹرز کے استعمال کے باعث درآمدی انحصار میں کمی کیساتھ لاگت میں تقریباً 40 فیصد تک کی موثر بچت ممکن ہوئی، یہ ٹھوس نتائج حکومت کی ان اصلاحات کا عکاس ہیں جن کا مقصد مقامی پیداوار کو فروغ دینا، درآمدات پر انحصار کم اور معیشت کیلئے فوائد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے مقامی صنعتوں کو ایجوکیشنل آرڈرز، بین الاقوامی شراکت داروں کیساتھ مشترکہ منصوبوں اور مقامی ذیلی اداروں کے قیام کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر کی قیادت میں اب تک 900ملین روپے مالیت کے 9ایجوکیشنل آرڈرز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 11مقامی کمپنیوں کو استعداد کار میں اضافے کیلئے رجسٹر کیا گیا ہے جس سے ملک کی صنعتی بنیاد مزید مضبوط ہو رہی ہے، اس پالیسی کے اثرات محض لاگت میں کمی تک محدود نہیں بلکہ یہ زرمبادلہ کے تحفظ کے ذریعے مجموعی معاشی استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، مقامی سطح پر تیار کردہ مواد کی بروقت فراہمی سے منصوبوں کی جلد تکمیل ممکن ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ٹرانسمیشن انفرا اسٹرکچر کی ترقی میں تیزی آ رہی ہے۔
آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مقامی پیداوار کا فروغ برآمدات پر مبنی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے خصوصاً سٹیل، کیبل اور کنڈکٹر کے شعبوں میں جہاں مقامی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاور ڈویژن صنعتی خود کفالت اور پائیدار معاشی استحکام کے فروغ کیلئے ایسی پالیسیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گا۔


