ہومپاکستانمشرق وسطی کشیدگی، پاکستان کا شام کے استحکام و بحالی عمل کو...

مشرق وسطی کشیدگی، پاکستان کا شام کے استحکام و بحالی عمل کو محفوظ بنانے کا مطالبہ

پاکستان نے مشرقِ وسطی کشیدگی کے دوران شام کے استحکام و بحالی عمل کو ہر صورت محفوظ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کی خودمختاری، اتحاد و علاقائی سالمیت کا احترام انتہائی ضروری ہے، مختلف مسلح گروہوں کو متحد قومی ڈھانچے میں ضم کرنا، سرحدوں کا موثر انتظام یقینی بنانا، دہشت گردی کیخلاف کارروائیاں تیز کرنا شامی حکومت کی ترجیحات ہونی چاہئیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں شام کی صورتحال پر بحث کے دوران کہا کہ امریکہ، اسرائیل و ایران کے درمیان جاری جنگ اور لبنان کی صورتحال اب شام تک پھیل رہی ہے جو بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد مشکل دور سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے غیر یقینی حالات میں ضروری ہے کہ شام کو علاقائی تنازعات کے منفی اثرات سے محفوظ رکھا جائے تاکہ اس کی بحالی و استحکام کا عمل متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ شام میں سیاسی عمل شامی قیادت اور شامی عوام کی ملکیت ہونا چاہئے جو شفاف، جامع اور بروقت انداز میں آگے بڑھے۔

اس میں قانون ساز اداروں کی تکمیل بھی شامل ہے، ہم شمال مشرق میں پارلیمانی عمل کی تکمیل اور باقی ارکان کی تقرری کے بھی منتظر ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ شامی حکومت کی جانب سے حالیہ اقدامات، خصوصا ادارہ جاتی تقرریاں، حوصلہ افزا ہیں اور یہ ملک میں استحکام کی جانب پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ مختلف مسلح گروہوں کو متحد قومی ڈھانچے میں ضم کرنا، سرحدوں کا موثر انتظام یقینی بنانا اور دہشت گردی خصوصا داعش کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنا حکومت کی اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دہشت گرد جنگجوں کی موجودگی بدستور سنگین خطرہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مربوط اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام کی معاشی صورتحال میں اگرچہ کچھ بہتری دیکھنے میں آئی ہے، تاہم صورتحال اب بھی نازک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے سے ریاستی سرگرمیوں، بینکاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور تعمیر نو شعبوں میں کام کرنے کیلئے قانونی گنجائش پیدا ہوئی ہے مگر حالیہ علاقائی کشیدگی اور بدلتی صورتحال ان مثبت پیش رفتوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پابندیوں میں نرمی سے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اداروں کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ معاشی بحالی کا عمل موثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں