بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین امید کرتا ہے کہ افغانستان اور پاکستان دونوں پرسکون رہ کر تحمل کا مظاہرہ کریں گے، جلد از جلد آمنے سامنے بیٹھ کر مذاکرات کریں گے اور جتنی جلدی ممکن ہو سکے جنگ بندی پر اتفاق کریں گے۔
ترجمان لین جیان نے یہ بات منگل کے روز معمول کی پریس بریفنگ کے دوران حالیہ پاک-افغان تنازعات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے اختلافات اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
لین جیان نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان ایسے ہمسائے ہیں جنہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ مسائل کے حل کے لئے مذاکرات اور مشاورت ہی واحد موثر راستہ ہے۔
لین جیان نے کہا کہ چین نے افغانستان اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنے ذرائع سے افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔


