خیبر پختونخوا حکومت نے یومِ پاکستان 23مارچ 2026ء پر صوبے میں ایک ہی دن 10 لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان محکمہ موسمیاتی تبدیلی و جنگلات لطیف الرحمن کے مطابق سیکرٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی جنید خان کی ہدایت پر شجرکاری مہم صوبے بھر میں بیک وقت شروع کی جائے گی، ایک ہی دن میں دس لاکھ پودے لگانے کا یہ اقدام ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کارنامہ ہوگا جو نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ قومی شعور کو بیدار کرنے کی ایک بھرپور علامت بھی بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے تاریخی دن کی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت خیبر پختونخوا نے اس بار قومی دن کو سبز عہد میں ڈھالنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آزادی کے ثمرات کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ اور پائیدار بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اس وقت پوری دنیا کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو اس کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
ایسے میں درخت لگانا نہ صرف ماحول کے تحفظ کا ذریعہ ہے بلکہ صاف ہوا، بہتر ماحولیاتی توازن اور پائیدار ترقی کیلئے بھی ناگزیر ہے۔


