ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے ممکنہ ورلڈکپ شیڈول کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صد مہدی تاج نے کہا ہے کہ ایران فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کیساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ ایرانی ٹیم کے تمام میچز میکسیکو منتقل کئے جا سکیں۔
ایران نے مسلسل چوتھی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا تاہم ایران کے دو میچز امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول ہیں جن پر اب غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، معاملہ اسوقت مزید حساس ہو گیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی آمیز بیان دیا کہ ایرانی ٹیم کی شرکت انکی جان کی سلامتی کیلئے مناسب نہیں ہوگی، اس پر ردعمل دیتے ہوئے مہدی تاج نے کہا کہ جب امریکا خود سکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتا تو ایران وہاں سفر نہیں کریگا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر کھیل نے بھی عندیہ دیا ہے کہ حالیہ کشیدگی اور امریکی حملوں کے بعد ٹیم کی شرکت مشکل ہو سکتی ہے۔
یہ صورتحال عالمی کھیلوں میں سیاست کے بڑھتے اثرات کو واضح کر رہی ہے۔


