خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کے انکلوژرز کو 1992 کے عالمی کپ میں پاکستان کو تاریخی فتح دلانے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
محکمہ کھیل کی جانب سے اس سلسلے میں سمری صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی تھی جسے باقاعدہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کپ کے اختتام کے بعد سٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز کو قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کرنے کا عمل شروع کیا جائیگا۔
1992 کے عالمی کپ میں پاکستان کی قیادت عمران خان نے کی تھی جبکہ فاتح ٹیم میں جاوید میانداد، وسیم اکرم، عاقب جاوید، انضمام الحق، سلیم ملک، اعجاز احمد، عامر سہیل، رمیز راجہ، مشتاق احمد، اقبال سکندر، معین خان، زاہد فضل اور وسیم حیدر شامل تھے۔
ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر کے مطابق عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کے انکلوژرز کو 1992کے عالمی کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کیا جا رہا ہے جس کی صوبائی حکومت سے منظوری مل چکی ہے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بعد اس منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا جائیگا۔


