چین کے جنوبی گوانگ شی ژوانگ خودمختار علاقے کی رونگ آن کاؤنٹی میں السوفیلا اسپینولوسا کے پودوں کا ایک بڑا قدرتی جھنڈ حال ہی میں دریافت ہوا ہے۔درخت نما فرن کی اس نایاب قسم کو ماضی میں ڈائنوسار بھی کھاتے تھے۔
ایک مقامی دیہاتی نے پہاڑوں میں پیدل سفر کے دوران پودوں کا یہ جھنڈ دریافت کیا۔ اطلاع ملنے کے بعد لیوژو فاریسٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور مقامی محکمہ جنگلات کے ماہرین منگل کے روز موقع پر پہنچ گئے تاکہ وہاں فیلڈ تحقیق انجام دے سکیں۔
ماہرین کی سروے کے مطابق پودوں کے یہ جھنڈ تقریباً 10 مو (تقریباً 0.67 ہیکٹر) رقبے پر پھیلے ہوئےہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق یہاں قریباً ایک ہزار پودے موجود ہیں جو ایک غیر معمولی حد تک گھنی قدرتی آبادی بناتے ہیں۔
ساؤنڈ بائٹ (چینی): لو زونگ جُون، لیوژو فاریسٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ
"یہ پودا نہ پھول دیتا ہے اور نہ ہی پھل دیتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر اپنے پتوں کے پچھلے حصے پر موجود باریک اسپورز کے ذریعے افزائش کرتا ہے۔ اس کے لئے ماحول کی انتہائی مخصوص ضروریات درکار ہوتی ہیں اور اس کی افزائش مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جنگلی پودے بہت کم پائےجاتے ہیں۔ ہم عام لوگوں کو یہ ذہن نشین کروا رہے ہیں کہ اگر یہ پودے جنگل میں ملیں تو انہیں ہرگز نہ اکھاڑیں۔”
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اس پودے کی زیادہ تعداد مقامی ماحولیاتی نظام کے بہتر تحفظ کی علامت ہے۔ یہ دریافت علاقائی ماحولیاتی تبدیلیوں اور حیاتیاتی تنوع کے مطالعے کے لئے قیمتی معلومات فراہم کرتی ہے۔
چین کے شہر لیوژو سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


