بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع میں شامل فریقین پر دباؤ ڈالیں کہ وہ فوری طور پر عسکری کارروائیاں بند کریں اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکیں۔
وانگ یی نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
عبد العاطی نے وانگ کو علاقائی صورتحال اور مصر کے موقف سے آگاہ کیا اور موجودہ جنگ پر مصر کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حال ہی میں منظور کی گئی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصر نے تمام فریقین سے صبر و تحمل برتنے اور مزید علاقائی افراتفری سے بچنے کی اپیل کی ہے۔
عبد العاطی نے کہا کہ مصر چین کے متوازن اور غیر جانبدار موقف اور اس کے ادا کردہ اہم کردار کو بہت سراہتا ہے اور صورتحال کو جلد قابو میں لانے کے لئے چین کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
وانگ یی نے اپنی گفتگو میں چین کے اصولی موقف کو دہرایا اور کہا کہ چین اور مصر بحیثیت ذمہ دار ممالک علاقائی مسائل کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں اور بلا وجہ طاقت کے استعمال کے خلاف ہیں۔
وانگ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں طویل تنازع عوام کے لئے مزید مشکلات پیدا کرے گا، علاقائی معیشت پر بوجھ ڈالے گا اور بین الاقوامی و علاقائی سلامتی اور استحکام کو مزید نقصان پہنچائے گا۔


