بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کیخلاف قومی پرچم کی مبینہ بے حرمتی کے الزام پر قانونی شکایت درج کرائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شکایت پونے سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل واجد خان نے درج کرائی جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے میں پولیس سے باقاعدہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وکیل واجد خان کے مطابق انہوں نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کی خوشی میں ہاردک پانڈیا جشن منا رہے تھے، جشن کے دوران پانڈیا اپنی گرل فرینڈ کیساتھ رومانوی انداز میں رقص کرتے ہوئے نظر آئے جبکہ بھارتی قومی پرچم انکی پشت پر بندھا ہوا تھا۔
واجد خان کا موقف ہے کہ اس طرح قومی پرچم کو جسم پر لپیٹ کر جشن منانا پرچم کے وقار کیخلاف ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی قانون نیشنل فلیگ ایکٹ 1971کے سیکشن 2کے تحت قومی پرچم کے احترام کو یقینی بنانا ضروری ہے اور کسی بھی ایسے عمل کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے پرچم کی توہین ہو، وہ اس معاملے میں شکایت درج کرانے کیلئے شیواجی نگر پولیس سٹیشن گئے تھے، ابتدا میں پولیس نے کہا کہ واقعہ اس علاقے میں پیش نہیں آیا تاہم قومی پرچم پورے ملک کی علامت ہے اسلئے شکایت کہیں بھی درج ہو سکتی ہے، انکے مطابق پولیس نے آخرکار ان کی شکایت قبول کر لی اور اسکی نقل بھی فراہم کر دی ہے، اب وہ اس معاملے میں مزید کارروائی کا انتظار کر رہے ہیں۔


