لاہور: جماعت اسلامی نے ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت سے ایران کی سلامتی و دفاع کیلئے ہر قسم کی مدد فراہمی کا مطالبہ کردیا ۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت لاہور میں ہوا جس میں ملک بھر سے اراکین شوری نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایران پر بلاجواز اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں اسلامی ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کریں اور متفقہ موقف اختیار کریں تاکہ اسرائیلی تسلط کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔قرارداد میں اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے جارحانہ عزائم پورے خطے کیلئے ناسور بن چکے ہیں۔
جماعت اسلامی نے ایرانی حکومت اور عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ایران کی سلامتی اور دفاع کیلئے ہر قسم کی مدد فراہم کرے۔اجلاس میں زور دیا گیا کہ مسلمان ممالک اسرائیل کیخلاف متفقہ موقف اختیار کریں اور متحد ہو کر اسرائیلی تسلط کا خاتمہ کریں۔