پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسان رل رہے ہیں ،مریم نواز کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی،زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ،جعلی حکومت اس ہڈی کو دبا کر ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے، کسان دشمن بااثر افراد آج بھی وفاق ،پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں۔
جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ کسان اتحاد نے جعلی وفاقی حکومت، بالخصوص پنجاب میں ترقی کے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ہے، گزشتہ ایک سال میں صرف گندم کے کاشتکاروں کو 2200ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے باعث گزشتہ سال کی نسبت زرعی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں گزشتہ سال نسبت کی 8.91فیصد ،کپاس کی پیداوار میں 34فیصد اور مکئی کی پیداوار میں 15.4فیصد کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ میں فوڈ امپورٹ بل 7ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جعلی حکومت اس ریڑھ کی ہڈی کو دبا کر ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے، کسان دشمن بااثر افراد آج بھی وفاق اور پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین نے گزشتہ سال پنجاب کے کسانوں کے زخموں پر مرہم رکھا تھا، اگر وہ پنجاب کے کسانوں سے گندم نہ خریدتے تو شاید آج پیداوار اس سے بھی کم ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسان رل رہے ہیں لیکن مریم نواز کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔