لاہور: حکومت پنجاب نے نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا جبکہ ٹیکس بڑھانے کی تمام تجاویز مسترد کر دیں۔پیر کو وزیراعلی پنجا ب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کے فیصلے کی منظوری دی گئی، وزیراعلی نے ٹیکس بڑھانے کی تمام تجاویز مسترد کر تے ہوئے کہا کہ ٹیکس نہیں بلکہ ٹیکس نیٹ ورک بڑھایا جائے، ٹیکس بڑھا کر عوام پر بلاوجہ بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رجسٹریشن کرانے والے کو سزا مل جائے اور ٹیکس چوری کرنے والے مزے کرتے رہیں یہ نہیں ہوگا۔
انہوںنے کہا کہ عام آدمی پر مالی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، دو لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس دیتا ہے اور کروڑوں آمدن والا ٹیکس نہیں دیتا۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرل اور دیگر ڈیپارٹمنٹ ریونیو کے نئے مواقع دریافت کریں۔