رواں مالی سال کے 6 ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا ہے، جولائی تا دسمبر برآمدات میں 8.7 فیصد کمی ہوئی جبکہ درآمدات میں 11.28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پہلی ششماہی میں 15 ارب 18 کروڑ ڈالر سے زائد برآمدات ہوئیں، 6 ماہ میں درآمدات 34ارب 38کروڑ ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ کی گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 16 ارب 63 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی برآمدات ہوئی تھیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 30 ارب 90 کروڑ ڈالر کی درآمدات تھیں، گزشتہ سال دسمبر کے مقابلے رواں مالی سال دسمبر میں برآمدات میں 20 فیصد کمی ہوئی جبکہ درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔


