صدر آصف زرداری نے جمہوریہ کیوبا کے یوم فتح پر کیوبن حکومت اور عوام کو پاکستان کی جانب سے دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوستی اور تعاون کی طویل تاریخ ہے، یہ تعلق اکثر مشکل اور آزمائش کے اوقات میں یاد رکھا اور پرکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا نے 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد غیر معمولی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور2400سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو پاکستان بھیجا اور شدید متاثرہ علاقوں میں 32 فیلڈ ہسپتال قائم کئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ ایک عظیم انسانی خدمت تھی جسے پاکستان آج بھی گہرے شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ یاد کرتا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمارے تعلقات کے ایک نئے باب کی علامت کے طور پر اس بے لوث امداد نے دوطرفہ روابط کو نئی جہت دی جس کے نتیجے میں قریبی تعاون کو فروغ ملا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے سات دہائیوں پر نظر ڈالتے ہوئے یقین ہے ہم دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ، عوامی روابط کو وسعت دے کر معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لاسکتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں کیوبا کے عوام کیلئے امن، خوشحالی اور ترقی کی نیک خواہشات کا اظہار اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقا ت کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہوں۔


