چھانگ شا(شِنہوا)چین کے صوبے ہونان کے شہر ژوژو میں ایتھوپیا کافی (چین) تجارتی مرکز کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا جس کا مقصد کافی کی پیداوار کے حوالے سے ایتھوپیا کی برتری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اعلیٰ معیار کی کافی کو چینی منڈی میں متعارف کرانا ہے۔
اس مرکز کا افتتاح شہر میں منعقد ہونے والی پہلی چین۔ایتھوپیا کافی اقتصادی و تجارتی تعاون کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو اجاگر کیا گیا، جن میں کافی کو مرکزی موضوع کے طور پر پیش کیا گیا۔
کانفرنس میں ایتھوپیا اور ہونان صوبے سے تعلق رکھنے والے تقریباً 300 افراد نے شرکت کی، جن میں سرکاری عہدیداران، ماہرین، تنظیمی نمائندے اور کاروباری رہنما شامل تھے۔
کافی کی جائے پیدائش اور اعلیٰ معیار کی کافی کے عالمی سطح پر بڑے فراہم کنندگان کے طور پر ایتھوپیا چین کو کافی کی برآمدات کے لئے اپنی چوتھی بڑی منڈی سمجھتا ہے۔
کانفرنس کے موقع پر چین میں ایتھوپیا کے سفیر تیفیرا دربیو یمام نے شِنہوا کو انٹرویو دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ہم چین میں کافی کے استعمال میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ یہ منڈی کا ایک نہایت اہم عنصر ہے جو ہماری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
کانفرنس کے نتیجے میں ٹھوس کاروباری پیشرفت بھی سامنے آئی، جہاں ایتھوپیا اور چین کی کمپنیوں نے اشیاء کے تبادلے کے پلیٹ فارمز، کافی اور نئی توانائی سے متعلق منصوبوں پر تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے۔


