خاشوری،جارجیا(شِنہوا)جارجیا میں چین کے تعاون سے تعمیر کی گئی جدید ریلوے باقاعدہ طور پر فعال کر دی گئی۔ جارجیا ایشیا اور یورپ کے درمیان مال برداری اور مسافر آمدورفت کے لئے ایک اہم گزر گاہ ہے۔
جارجیا کے وسطی شہر خاشوری میں جارجین ریلوے ماڈرنائزیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں جارجیا کے وزیراعظم ایراکلی کوباخیدزے، وزیر معیشت و پائیدار ترقی مریم کوری وشویلی، جارجین ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل لاشا اباشیدزے اور تقریباً 150 مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوباخیدزے نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ جارجین ریلوے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، آپریٹنگ اخراجات کم ہوئے ہیں، تحفظ میں بہتری آئی ہے اور مسافروں کے لئے سہولت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایشیا اور یورپ کے درمیان وسطی راہداری میں جارجیا کو ایک ’’اہم، قابل اعتماد اور ناگزیر کڑی‘‘ بنانے کے ہدف کو اجاگر کیا تاکہ سامان کی تیز، محفوظ اور بلا تعطل نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
چائنہ ریلوے 23 ویں بیورو گروپ کمپنی لمیٹڈ کی جارجیا برانچ کے ڈپٹی جنرل منیجر گو ہائی نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ منصوبہ ملک کی مشرق-مغرب مرکزی ریلوے لائن کی بنیادی اپ گریڈیشن ہے۔
یہ ریلوے لائن تقریباً 41 کلومیٹر طویل ہے۔ جارجین ریلوے کے مطابق اپ گریڈیشن کے بعد اس کی سالانہ مال برداری کی گنجائش 2 کروڑ 70 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 4 کروڑ 80 لاکھ ٹن ہو جائے گی۔


