غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری کارروائیوں اور اقدامات نے ان کے حلیف امریکہ کو بھی ناراض کردیا ہے اور حال ہی میں امریکہ نے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں سے متعلق مسلسل بیانات پر اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بیانات مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عرب ممالک کو ممکنہ امن عمل سے دور کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اعلی سطح ذرائع نے اسرائیلی حکومت خصوصاً وزیر دفاع یسرائیل کاتز کے حالیہ بیانات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے، وائٹ ہائوس سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ بیانات امریکی صدر ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں اور علاقائی تعاون کو متاثر کر رہے ہیں۔


