یروشلم(شِنہوا)اسرائیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رفح کراسنگ، جو مصر اور غزہ کے درمیان ایک اہم راستہ ہے، کو آئندہ چند دنوں میں کھول دیا جائے گا تاکہ عام افراد جنگ سے تباہ حال علاقے سے نکل سکیں۔
اسرائیل کےسرکاری سرگرمیوں کے رابطہ کار دفتر، جو غزہ میں امداد کے داخلے کی نگرانی کرتا ہے،نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ کراسنگ کو آنے والے چند دنوں میں صرف غزہ کی پٹی سے مصر جانے والے لوگوں کے لئے کھولا جائے گا۔
دفتر نے مزید کہا کہ اسرائیل کی طرف سے اجازت لینے والے رہائشی مصر کے ساتھ طے کئے گئے طریقہ کار کے مطابق رفح کے ذریعے جا سکیں گے اور اس عمل کی نگرانی یورپی یونین مشن کرے گا۔ یہ اسی طرح کا طریقہ کار ہے جو جنوری 2025 میں استعمال کیا گیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام جنگ بندی معاہدے اور سیاسی قیادت کی ہدایات کے تحت کیا جا رہا ہے۔


