بیجنگ(شِنہوا)چین میں موسمیات کے حکام نے منگل کے روز سردی کی لہر اور شدید ہواؤں کے لیے اپنے نیلے الرٹس کو اپ ڈیٹ کیاہے کیونکہ ایک طاقتور سرد لہر پورے ملک میں جاری ہے۔
قومی موسمیات مرکز کے چیف فورکاسٹر یانگ شو نان نے کہاہے کہ سردی کی لہر پہلے ہی شمالی علاقوں کو گھیر چکی ہے اور اب یہ جنوب کی جانب بڑھ رہی ہے۔
یانگ نے بتایا کہ اندرونی منگولیا جیسے شمال مشرقی اور شمالی علاقوں میں 6 سے 10 ڈگری سیلسیس تک درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں 12 سے 14 ڈگری سیلسیس تک کی تیز گراوٹ کا سامنا ہے۔
یہ سرد محاذ منگل سے بدھ تک مشرقی اور جنوبی سمت میں حرکت جاری رکھے گا جس کے نتیجے میں تیز ہوائیں اور درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
یانگ نے کہا کہ توقع ہے کہ سردی کی لہر جمعرات تک کم ہو جائے گی اور رہائشیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کوگرم رکھیں، غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں کو کم کریں اور باہر جاتے وقت عارضی ڈھانچوں جیسے بل بورڈز سے دور رہیں۔
چین میں موسم کی وارننگ کا 4 درجاتی رنگین کوڈ والا نظام ہےجس میں سرخ سب سے شدید انتباہ ہے اس کے بعد نارنجی، پیلا اور نیلا آتا ہے۔


