ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت رہائشی علاقے میں آتشزدگی کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف مکمل احتساب کو یقینی بنانے کے لئے ایک آزاد کمیشن قائم کرے گی۔کمیشن کی سربراہی ایک جج کریں گے۔
ایچ کے ایس اے آر کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ لگنے کے باعث 151 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 79 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس تقریباً 30 لاپتہ افراد کے باقی کیسوں کی پیروی کر رہی ہے۔
لی نے کہا کہ پہلے سے قائم 3 ٹاسک فورسز انتہائی محنت سے احتساب کے لئے کام کر رہی ہیں، تمام متعلقہ فریقوں کی تحقیقات کر رہی ہیں اور کسی بھی ذمہ دار شخص کو سزا کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔
لی نے زور دیا کہ ایچ کے ایس اے آر حکومت متاثرہ افراد کی مدد کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ اقدامات میں عارضی پناہ گاہوں کا آغاز اور تقریباً 2 ہزار 500 لوگوں کے لئے عبوری رہائش اور ہوٹلوں میں مرحلہ وار عارضی رہائش کا انتظام شامل ہے۔
چیف ایگزیکٹو نے نشاندہی کی کہ اس آگ نے متعدد سطح پر ناکامیاں بے نقاب کی ہیں، جس سے نظام کی اصلاحات ناگزیر ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد کمیشن آگ کے واقعے کی تحقیقات کے لئے قائم کیا جائے گا اور ایچ کے ایس اے آر حکومت اس کمیشن کو تمام ضروری معلومات اور دیگر مطلوبہ معاونت فراہم کرے گی۔ کمیشن اپنی سفارشات اور رپورٹس انہیں پیش کرے گا۔
لی نے زور دیا کہ امدادی کارروائیاں بند نہیں ہوں گی اور نہ ہی کسی خاندان کو تنہا چھوڑا جائے گا۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت ان خاندانوں کو اپنے گھروں کی دوبارہ تعمیر میں مدد دے گی۔


