بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون 3 سے 5 دسمبر تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
معمول کی پریس کانفرنس کے دوران وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ میکرون کا چین کا چوتھا سرکاری دورہ ہوگا۔ لین نے مزید کہا کہ یہ دورہ چین-فرانس سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر شی کے پچھلے سال فرانس کے سرکاری دورے کے بعد کیا جا رہا ہے۔
لین نے کہا کہ اس ہفتے شی میکرون کے ساتھ بات چیت کریں گے تاکہ نئے حالات میں چین-فرانس تعلقات کی ترقی کی مشترکہ طور پر رہنمائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں صدور بڑے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم لی چھیانگ اور قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لے جی بھی بالترتیب میکرون سے ملاقات کریں گے۔
لین نے کہا کہ فرانس پہلا بڑا مغربی ملک تھا جس نے نئے چین کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کئے تھے۔ چین-فرانس تعلقات ایک قابل قدر تاریخ رکھتے ہیں، منفرد اقدار سے مالا مال ہیں اور اہم مشن انجام دیتے ہیں۔


