ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت سماج کے مختلف شعبوں کے ساتھ مل کر تائی پو میں وانگ فوک کورٹ کے رہائشیوں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ 26 نومبر کو وہاں لگنے والی شدید آگ کے بعد کی مشکلات پر قابو پاسکیں۔
مقامی وقت کے مطابق اتوار کو شام 4 بجے تک اس آتشزدگی میں 146 افراد ہلاک اور 79 زخمی ہو چکے تھے۔ پولیس نے پہلے لاپتہ رپورٹ کئے گئے 159 رہائشیوں کی سلامتی کی تصدیق کی ہے۔
ایچ کے ایس اے آر کی حکومت کی داخلہ اور امور نوجوانان کی سیکرٹری ایلائس ماک می کیون نے کہا کہ ایچ کے ایس اے آر کی حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ آگ سے متاثرہ رہائشیوں کے پاس تعمیر نو کے پورے عمل کے دوران رہنے کے لئے جگہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام خدمات اور اقدامات بلا معاوضہ ہوں گے۔

چین کے جنوبی ہانگ کانگ کے تائی پو میں آتشزدگی سے متاثرہ شہریوں کو ایک جم میں منتقل کر دیا گیا ہے۔(شِنہوا)
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے نائب مالیاتی سیکرٹری اور ہنگامی رہائشی انتظامات کے متعلق ٹاسک فورس کے سربراہ مائیکل وونگ نے کہا کہ اس وقت 1,500 سے زیادہ رہائشی حکومت کی فراہم کردہ سہولیات میں بلا معاوضہ مقیم ہیں۔
دو تہائی افراد ہاؤسنگ سوسائٹی کی عبوری رہائش اور مخصوص رہائش کے منصوبوں میں مقیم ہیں جبکہ تقریباً 500 افراد ہوٹلوں میں مقیم ہیں۔
پیر کی دوپہر تک ایچ کے ایس اے آر کی حکومت کی جانب سے قائم کردہ ‘تائی پو کے وانگ فوک کورٹ کے لئے امدادی فنڈ’ کو عوام کی جانب سے 90 کروڑ ہانگ کانگ ڈالر (تقریباً 11 کروڑ 56 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کی عطیات موصول ہو چکی ہیں۔ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 30 کروڑ ہانگ کانگ ڈالر کی ابتدائی رقم کے ساتھ کل فنڈ اب تقریباً 1.2 ارب ہانگ کانگ ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جو رہائشیوں کو اپنے گھر دوبارہ تعمیر کرنے میں مدد دینے اور طویل مدتی و مستحکم تعاون فراہم کرنے کے لئے استعمال ہوگا۔


